حیدرآباد 22اکتوبر(یواین آئی) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں ایک ینگ انڈیا انٹی گریٹڈگروکل اسکول کامپلکس قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ اس پراجکٹ کے تحت 78 گروکل اسکول کامپلکس تعمیر کئے جائیں گی جن پر مجموعی طور پر 15,600کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ ہر کامپلکس پر تقریباً 200کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ فینانس نے پہلے ہی ان تعمیراتی منصوبوں کیلئے انتظامی اجازت دے دی ہے ۔نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا کی جانب سے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو محکمہ تعلیم کی تفصیلی فائل بھیجی گئی تھی، جسے کابینہ نے حال ہی میں منظوری دے دی ہے ۔
کابینہ نے تعلیمی سال 2025-26 کے لئے ایک ہزار سرکاری اسکولوں میں پری پرائمری کلاسس شروع کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے ۔ پچھلے سال 250 اسکولوں میں یہ کلاسس شروع کی گئی تھیں، جبکہ اس سال مزید 210 اسکولوں میں توسیع کی گئی ہے ۔ اس طرح اس وقت ریاست میں کل 460 اسکولوں میں پری پرائمری تعلیم دی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ 112 اسکولس وزیر اعظم کے خصوصی پروگرام کے تحت چلائے جائیں گے ۔