ہر حلقہ میں 50 ہزار رکنیت سازی کا نشانہ، ریاستی وزیر سرینواس یادو کا خطاب

   

حیدرآباد 4 اگسٹ (پریس نوٹ) ریاستی وزیر برائے مویشی پالن، سمکیات، ڈیری ڈیولپمنٹ و سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو نے کہاکہ ملک کی سب سے اعلیٰ ترین اور طاقتور جماعت کی حیثیت سے ٹی آر ایس پارٹی کو عروج حاصل ہورہا ہے۔ آدرش نگر میں ایم ایل اے کوارٹرس میں حلقہ عنبرپیٹ اور مشیرآباد میں رکنیت سازی مہم سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ہر حلقہ اسمبلی سے 50 ہزار افراد کی رکنیت سازی کے مقصد کو طے کیا گیا۔ نہ صرف یہ بلکہ نچلی سطح سے اعلیٰ سطح تک کیڈر میں تال میل پیدا کرتے ہوئے جماعت کو اور بھی مضبوط بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جماعت کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے رکنیت سازی کی مہم کو جاریہ ماہ کی 10 تاریخ تک روبہ عمل لانے کی اجازت دی ہے۔ اس ماہ کی 6 تاریخ سے شہر کے تمام حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے وہ رکنیت سازی کی مہم میں شرکت کریں گے۔ رکنیت سازی کی مہم کے اختتام کے فوری بعد وہ ڈیویژن اور بوتھ کی سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل دیں گے۔ قومی سطح پر منفرد انداز میں وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ ترقیاتی اور فلاحی کاموں کی عمل آوری میں پیش پیش ہیں۔ جس کی کوئی نظیر نہیں۔ بعض جماعتیں مذہب کی آڑ میں سیاسی فائدے کے حصول کی کوشش کررہی ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد ماہ رمضان اور کرسمس کے موقع پر حکومت کی جانب سے ملبوسات کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔