ہر خاتون کو فنی مہارت موجودہ زمانے کی ضرورت

   


آرمور میں ٹیلرنگ اسنادات کی تقسیم تقریب سے مقررین کا خطاب

آرمور ۔ 27 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جماعت اسلامی ہند آرمور کے تحت پرکٹ میں خواتین کو ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کے ذریعے ٹیلرنگ کی تربیت دی گئی۔جس میں چار ماہ کے ٹریننگ کے دوران 25 خواتین نے ٹیلرنگ کی تربیت حاصل کی۔اختتامی طور پر اسنادات کی تقسیم اسلامک سنٹر پرکٹ میں عمل میں آئی۔ خواتین کو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ ہونا آج کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کی اسلامی خطوط پر تربیت ہو سکے۔خواتین اسلامی شناخت کے ساتھ سماج میں بہتر مقام پیدا کریں اور اپنی دنیا و آخرت کو سنوارنے پر توجہ دیںاور اپنے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت پر توجہ دیں ، ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی جناب محمد منظور محی الدین صاحب ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند نظام آباد رورل نے ٹیلرنگ سنٹر کی اختتامی پروگرام سے کیا۔ جناب ظہیر علی کونسلر نے خواتین کو خود مکتفی بننے پر زور دیا اور جماعت اسلامی ہند کی خدمات کی انہوں نے ستائش کی۔ان خواتین کو حکومت کی اسکیموں سے استفادہ کرنے میں مکمل تعاون کا پیشکش کیا۔جناب شیخ منو نائب چیئرمین بلدیہ آرمور نے خواتین سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہرخاتون کو کوئی فن کا حاصل کرنا آج کے زمانے میں ضروری ہے تاکہ وہ خاندان میں بہتر مقام پیدا کر سکیں۔جناب اسلم بن محسن امیر مقامی جماعت اسلامی ہند آرمور نے افتتاحی کلمات پیش کیے ۔ ٹیلرنگ سنٹر کورس مکمل کرنے والی 25خواتین کو مہمانوں کے ہاتھوں اسنادات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔جناب محمد غوث الدین موظف ٹیچر ، جناب محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز جناب محمد واجد ناظم شعبہ اسلامی معاشرہ نے تلاوت و ترجمانی سے کیا۔جناب شیخ عارف الدین ٹیچر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور اظہارِ تشکر کیا ۔ اس موقع پر سیدظفر علی ،جناب حامد علی ، عبدالسلام ٹیچر ،عمر و دیگر حضرات موجود تھے۔