ہر دور میں تعلیمات دین کی اشاعت علماء و مشائخ کی ذمہ داری

   

کل ہند جمعیۃ المشائخ کا اجلاس و مشائخ و علماء کی تہنیتی تقریب
حیدرآباد 31/ ڈسمبر (راست)۔ دور ماضی میں اولیاء کرام و علمائے عظام نے دین اسلام کے مختلف شعبہ جات میں جو علمی و عملی خدمات انجام دی ہیں اُن کا تسلسل باقی رکھنا موجودہ دور کے علماء و مشائخ کی ذمہ داری ہے۔ دنیا تمام میں تحقیقی و تصنیفی کام جاری ہے اور ہمارے علاقہ دکن سے سابق کی طرح عہد حاضر میں بھی مختلف زاویوں سے کام کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ سابق میں فارغ ہونے والے جامعہ نظامیہ کے کئی فرزندان نے عالمی سطح پر علمی خدمات کے ایسے نقوش چھوڑے ہیں کہ جن کی مثال نہیں ملتی۔ اسی طرح ایک اور سپوتِ حیدرآباد فرزند نظامیہ ڈاکٹر محمد حمید اللہ کی جانب سے فرانسیسی زبان میں کیا گیا ترجمۂ قرآن پاک ہے جسے دیگر فرانسیسی تراجم پر اولیت و فوقیت حاصل ہے۔ اِن خیالات کا اظہار امیر جامعہ نظامیہ حضرت علامہ مفتی خلیل احمد نے کل ہند جمعیۃ المشائخ کی مشائخ و علماء کے اعزاز میں تہنیتی تقریب میں کیا جس میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز ؒ کے تقریباً نو (۹) صدی سے جاری فیضان کو فتنوں کا شکار بنانے کی کوششوں کی مذمت بھی کی گئی ۔ صدر جمعیۃ مولانا سید شاہ احمد نور اللہ قادری متولی و سجادہ نشین ٹیکمال نے صدارت کی ۔ جمعیۃ کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس ہوا۔ شادیوں کے موقع پر بے قاعدگیوں جیسے غیرمرد و زن کا بلا جھجک اختلاط‘ مرد و خواتین کیلئے مشترکہ نشست گاہ و طعام خانے کے انتظام کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے مذمت کی گئی۔ تقریب میں امیر جامعہ بنائے جانے پر مولانا مفتی خلیل احمد کی اور سجادہ نشین قادری چمن حضرت مولانا سید شاہ حسن ابراھیم حسینی قادری معتمد صدر مجلس علمائے دکن کو رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ بنائے جانے پر معتمد عمومی جمعیۃ مولانا سید شاہ مصطفی علی صوفی سعید پاشاہ قادری نے گلپوشی و شال پوشی کی ۔ مولانا ڈاکٹر مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی کے عہدئہ صدر مفتی جامعہ نظامیہ مقرر وہونے و ڈاکٹریٹ کی تکمیل پر ‘مولانا ڈاکٹر سیف اللہ کی شیخ الجامعہ کے عہدے پر فائز ہونے پر‘ مولانا ڈاکٹر حافظ سید احمد غوری نائب شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ کی تکمیل پی ایچ ڈی پر و نیز دیگر شیوخ جامعہ مولانا محمد انوار احمد نظامی نائب شیخ التفسیر ‘ مولانا مفتی حافظ سید واحد علی قادری ‘مولانا حافظ سید لطیف احمد قادری شیخ المعقولات ‘مولانا ڈاکٹر حافظ قاری سید خلیل اللہ اویس بخاری اور مہمانانِ خصوصی مولانا سیدشاہ احمد علی صوفی قادری جانشین حضرت صوفی اعظم المشائخ ؒ‘ مولانا سید احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ ‘ مولانا شاہ محمد رفیع الدین فاروقی صدر قاضی قندھار شریف کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ ڈاکٹر حافظ سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر پاشاہ قادری نے کاروائی چلائی ۔ ڈاکٹر عمر علی فاروقی صوفیانی نے قراء ت اور نذر صوفیانی نے نعت شریف پیش کی ۔ سید غوث قادری نے منقبت حضرت صدیق اکبرؓ سنانے کی سعادت حاصل کی۔ معتمد صدر مجلس علمائے دکن حضرت سید حسن ابراھیم حسینی قادری سجادہ پاشاہ قادری سجادہ نشین قادری چمن کی دعا پر اجلاس و تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔

آج محفل منقبت
حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ
حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر۔ ( راست ) مرکزی بزم میلادالنبیؐ کے زیر اہتمام سالانہ محفل منقبت حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ یکم جنوری کو بعد نماز عشاء 8:30 بجے شب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہید ؒ میں مقرر ہے۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی القادری (بانی و سرپرست بزم میلادالنبی ) کریں گے۔ قرأت کلام پاک حافظ محمد عبدالرحمن دانش کی ہوگی۔نعت شریف کے بعد نگران محفل کا خطاب ہوگا۔

بعد ازاں شعراء و نعت خواں حضرات مناقب صدیق اکبرؓ پیش کریں گے۔