صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کا مودی حکومت کے وعدہ پر طنز
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اتوار کے روز بے روزگاری کے مسئلہ پر مرکز کی مودی حکومت پر تنقید کی۔ کھرگے نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ملک میں بے روزگاری سب سے زیادہ سلگتا ہوا مسئلہ ہے۔ 15تا29 سال عمر کے لوگوں میں بے روزگاری کی شرح 10 فیصد ہے (پی ایل ایف ایس: جولائی 2022-23)۔ دیہی ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح 8.3 فیصد اور شہری ہندوستان میں 13.8 فیصد ہے۔ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ملک کے نوجوان پوچھ رہے ہیں کہ ہر سال دو کروڑ نوکریاں کہاں گئیں۔ بھرتی کے بعد نوکری پانے تک کا سفر اتنا مشکل کیں ہو گیا اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو کیوں برباد کر دیا گیا؟ کروڑوں نوجوانوں کی نوکریاں، ان کا مستقبل چھین لیا گیا کیوں؟۔