ہر سرکاری ہاسپٹل میں کیموتھراپی سنٹر کا قیام: وزیر صحت

   

تعلیم اور صحت حکومت کی ترجیحات، ریاست میں 109 ٹراما سنٹرس کارکرد
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ ہر غریب خاندان کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر صحت نے ناگر کرنول میں 40 کروڑ کے قرض سے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں 109 ٹراما کیر سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ ریاست کے ہر سرکاری ہاسپٹل میں کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے کیمو تھراپی سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ سماج میں مساوات اور بہتر تعلیمی سہولتوںکی فراہمی سے متعلق حکومت کے اقدامات میں تعاون کریں۔ رکن کونسل دامودر ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام اضلاع کی یکساں ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ دیہی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتوں کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ ناگر کرنول میں 10 کروڑ کے سرمایہ سے بریج کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی ترقی کے لئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت تلنگانہ حکومت کی ترجیحات میں ہے۔ تعلیم کے حصول کے ذریعہ ہی سماج میں تبدیلی اور ہر گھر میں خوشحالی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جہاں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ ایک ہی مقام پر تعلیم حاصل کریں گے۔ سرکاری اسکولوں میں بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے علاوہ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتوں کے لئے عصری آلات حاصل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں سرکاری دواخانوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔1