نئی دہلی۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی کے صدر سوروگنگولی کا خیال ہے کہ گلابی گیند سے ٹسٹ میچ منعقد ہوتے رہیں اور ویراٹ کوہلی کی ٹیم ہر سیریز میں کم ازکم ایک ڈے۔ نائٹ ٹسٹ میچ ضرورکھیلے۔ہندوستان نے گزشتہ ماہ اپنی پہلا گلابی گیند ٹسٹ بنگلہ دیش کے خلاف ایڈن گارڈنز میں کھیلا تھا جس میں تیسرے دن ہی اننگز اور46 رنز سے جیت درج کی۔گنگولی نے کہاکہ میں اس کے بارے میں بہت حوصلہ افزاء ہوں،مجھے لگتا ہے کہ یہ ٹسٹ کرکٹ کو آگے بڑھانے کا ایک طریقہ ہے، ہر ٹسٹ نہیں لیکن ہر سیریز میں میں کم از کم ایک ٹسٹ میچ ڈے۔ نائٹ فارمیٹ میں ضرور کھیلا جائے۔بی سی سی آئی کے صدر کے طور پر گانگولی نے ہندوستان کو ڈے۔ نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کے لئے حوصلہ افزائی کی۔کرکٹ پنڈتوں کا خیال ہے کہ سب سے زیادہ جگہوں پر ٹسٹ کرکٹ کی گھٹتی ناظرین کی تعداد اس سے بڑھائی جا سکتی ہے۔ دنیا کے سب سے امیر کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے پہلے پنک بال ٹسٹ کی کافی مارکیٹنگ کی تھی۔ اس کے لئے کولکتہ شہر بھی گلابی ہو گیا تھا جب اہم مقام اور عمارتوں پر گلابی رنگ سے روشنی کی گئی تھی۔اتنا ہی نہیں، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو بھی کولکاتہ مدعو کیا گیا، مشہور شخصیات کو بلایا گیا اور نوازا گیا۔گنگولی نے کہا کہ کولکاتہ میں ناظرین کی تعداد سے بہت پرجوش دیگر مقام بھی اب ڈے۔ نائٹ ٹسٹ کی میزبانی کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں اپنے تجربات بورڈ کے ساتھ شیئر کروں گا اور یہ دیگر جگہوں پر لاگو کرنے کی کوشش کریں گے۔2003 ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ہندوستانی ٹیم کے کپتان گنگولی نے کہاکہ ایڈن ٹسٹ کے بعد ہر ٹسٹ ٹیم ڈے نائٹ میچ کے انعقاد کو تیار ہے،کوئی بھی صرف 5000 لوگوں کے سامنے ٹسٹ کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے بھی اس کا خیر مقدم کیا لیکن ساتھ ہی کہا تھا کہ یہ کم ہی ہونے چاہئے۔انہوں نے ایڈن ٹسٹ کے موقع پر کہا تھاکہ مجھے لگتا ہے کہ (ڈے۔نائٹ ٹسٹ) معمول کے مطابق نہیں ہونے چاہئیں۔