چیف منسٹر اور ایڈوکیٹس ویلفیر ٹرسٹ سے ایڈوکیٹس اسوسی ایٹس کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 9 مئی (پریس نوٹ) اسوسی ایٹس نے جو وکلاء برادری کی فلاحی تنظیم ہے، چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سی آر سے اظہارتشکر کیا جنہوں نے کوروناوائرس لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ صورتحال سے متاثر وکلاء برادری کی راحت رسانی کیلئے 25 کروڑ روپئے کا فنڈ منظور کیا ہے۔ ایڈوکیٹس اسوسی ایٹ کے قائدین محمد ولی رحمن ایڈوکیٹ، سید شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ، سید شاہنواز اور بشریٰ فاطمہ ایڈوکیٹ نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ ایڈوکیٹس ویلفیر ٹرسٹ نے مالی امداد کی فراہمی کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں اور ان کے مطابق وہی ایڈوکیٹس امداد حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جو 7 سال سے اس پیشہ سے وابستہ ہیں۔ ایڈوکیٹس اسوسی ایٹ نے اس شرط کو غیرضروری اور امداد و راحت رسانی کے مقصد کے منافی قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ تمام ایڈوکیٹس کو ان کے سیناریٹی یا پریکٹس کے خطوط سے بالاتر ہوکر امداد فراہم کی جانی چاہئے۔ ایڈوکیٹس اسوسی ایٹ نے تلنگانہ اسٹیٹ ایڈوکیٹ ویلفیر ٹرسٹ کمیٹی کے ارکان سے اپیل کی ہیکہ وہ مالی امداد کے پروگرام میں تمام ضرورتمند ایڈوکیٹس کو شامل کریں کیونکہ چیف منسٹر کے سی آر کا بھی یہی مقصد ہیکہ ہر ضرورتمند کی مدد کی جائے۔
ایڈوکیٹ اسوسی ایٹ نے کوروناوائرس سے مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرس، پولیس ڈپارٹمنٹ اور میڈیا کے رورل کی ستائش کی جو اپنی جان جوکھم میں ڈال کر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
