اسمبلی میں ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کی تقریب
حیدرآباد 9ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے کانگریس قائد سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تلنگانہ تحریک کی کامیابی کا سہرا سونیا گاندھی کے سر جاتا ہے جنہوں نے وعدہ کی تکمیل کرکے تلنگانہ تشکیل دیا ۔ اسمبلی میں مباحث میں اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کوئی بھی تلنگانہ تشکیل کا دعویٰ نہیں کرسکتا کیونکہ سونیا گاندھی کے بغیر ریاست کی تشکیل ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر تلنگانہ کی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے۔ اسی دن 2009 ء میں علحدہ ریاست کی تشکیل کا اعلان کیا گیا ۔ تلنگانہ تلی مجسمہ کی تنصیب کا خیرمقدم کرکے اتم کمار ریڈی نے ضلع ہیڈکوارٹرس پر مجسمہ نصب کرنے کے علاوہ ہر سال 9 ڈسمبر کو سالانہ تقاریب کے اہتمام کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے آندھرا پردیش میں سیاسی نقصان و مختلف گوشوں سے مخالفت کے باوجود تلنگانہ کی تشکیل کے وعدے کو پورا کیا ۔ حیدرآباد کو تلنگانہ کا حصہ بناکر ریاست کی آمدنی کو مستحکم کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ وہ علحدہ ریاست کے سلسلہ میں نئی دہلی میں کل جماعتی اجلاسوں میں شرکت کرکے علحدہ ریاست کے حق میں دلائل پیش کرچکے ہیں۔ انہوں نے عوام اور حکومت سے اپیل کی کہ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال 9 ڈسمبر کو یوم تاسیس تقاریب کا اہتمام کریں۔ 1