ہر ضلع میں سرکاری ملازمین کی زمرہ بندی کیلئے رہنمایانہ خطوط

   

ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) ریاست میں سرکاری ملازمین کی تنظیم جدید کے لئے حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ ہر ضلع کے لئے عہدوں کی بنیاد پر ملازمین کو الاٹ کیا جائے گا ۔ ملازمین سے ان کی پسند کے اضلاع کے بارے میں آپشن حاصل کرنے کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ۔ ہر ضلع سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو ضلع ، زونل اور ملٹی زونل زمروں کے تحت کیڈر الاٹ کیا جارہا ہے۔ ایس سی ، ایس ٹی ملازمین کو ضلع میں تین زمرہ جات کے تحت تقسیم کیاجائے گا ۔ اہل ملازمین سے لوکل کیڈر کے لئے درخواستیں وصول کیجارہی ہے ۔ ہر ضلع میں الاٹ کردہ عہدوں سے زائد درخواستوں کی وصولی کی صورت میں سینیاریٹی ، معذوری اور شوہر اور بیوی کی ایک مقام پر ملازمت جیسی ترجیحات پر الاٹمنٹ کیاجائے گا ۔ تلنگانہ ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے صدر جمہوریہ کے احکامات کے مطابق ملازمین کی درجہ بندی کی درخواست کی ہے۔ ملازمین کو 33 اضلاع ، 7 زون اور دو ملٹی زون کیڈر کے تحت تقسیم کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر سے درخواست کی گئی ہے۔ جے اے سی کے قائدین نے اس مسئلہ پر چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کی ۔ انہوں نے پی آر سی کی تجویز کے مطابق کی ہیلت اسکیم پر تمام کارپوریٹ ہاسپٹلس میں عمل آوری کیلئے احکامات جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔