پرائمری ہیلت سنٹرس میں نیا ایپ متعارف، عوام کو کورونا سے باخبر رکھنے کیلئے خصوصی مہم
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کیسس سے نمٹنے کیلئے حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں جن میں نئے ایپ کا آغاز اور تمام اضلاع کے سرکاری دواخانوں میں کورونا وارڈز کا احیاء اور آئسولیشن سنٹرس کا قیام شامل ہیں۔ حکومت نے نیا ایپ متعارف کیا ہے جس کے تحت پازیٹیو پائے جانے والے افراد اور ان سے ربط میں آنے والوں کو باخبر و چوکس کیا جائے گا۔ ہر پرائمری ہیلت سنٹر پر ایپ کی سہولت رہے گی جس کے ذریعہ ایس ایم ایس روانہ کئے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایپ کی مدد سے عوام کو باخبر رکھنے میں مدد ملے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کورونا کی صورتحال پر وقفہ وقفہ سے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کررہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ جات ہیلت، پنچایت راج، میونسپلٹیز، پولیس اور دوسروں کو تمام ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔ تمام سرکاری دواخانوں میں سابق کی طرح کورونا علاج کیلئے وارڈز قائم کئے جائیں گے۔ 33 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس، نرسیس کو تیار رکھا گیا ہے۔ دواخانوں میں صحت و صفائی کے علاوہ ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سرکاری دواخانوں میں ضروری آلات کی فراہمی کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ علاج میں سہولت ہو۔ آکسیجن ٹینکس اور آکسیجن آلات کی سربراہی عمل میں آئے گی۔ علامتی اور غیر علامتی مریضوں کیلئے آئسولیشن سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ حیدرآباد میں نیچر کیور ہاسپٹل، آیوروید ہاسپٹل ، نظامیہ طبی کالج، فیور ہاسپٹل اور چیسٹ ہاسپٹل کو کورونا کے علاج کے مراکز اور کورنٹائن سنٹر میں تبدیل کیا جائے گا۔