ہر ضلع میں کورونا کے بہتر علاج کیلئے کلکٹرس کو ہدایت

   

وزیر صحت اور چیف سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس، ہاسپٹلس میں سہولتوں میں اضافہ
حیدرآباد : وزیر صحت ای راجندر نے چیف سکریٹری سومیش کمار کے ہمراہ کورونا کی صورتحال پر ضلع کلکٹرس ، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس اور سرکاری دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ وزیر صحت نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ ضلع میں کورونا کے علاج میں توسیع کے سلسلہ میں ضلع کے وزراء کی تجاویز اور مشورے حاصل کریں۔ ہوم آئسولیشن کے مریضوں کی باقاعدہ نگرانی اور ڈاکٹرس کے ذریعہ انہیں کونسلنگ فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ تمام مریضوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کریں اور ان میں اعتماد بحال کیا جائے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ٹسٹ کیلئے آنے والے تمام افراد کا ٹسٹ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پازیٹیو مریضوں کو کونسلنگ کے علاوہ میڈیکل کٹس فراہم کی جائے۔ نئے ٹسٹنگ مراکز اور کورونا کے علاج میں شامل میڈیکل اسٹاف کی جائیدادوں سے متعلق تفصیلات کلکٹر سے طلب کی گئی ہیں۔ کورونا کے علاج کے لئے خانگی دواخانوں کو اجازت کے بارے میں کلکٹر سے تجاویز طلب کی گئیں۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ ضلع کے ہاسپٹل اور ایریا ہاسپٹل میں بستروںکو آکسیجن سے مربوط کرنے کیلئے تجاویز روانہ کریں۔ کورونا علاج کے سلسلہ میں زیر التواء بلز روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ہوم آئسو لیشن میں دی جانے والی ادویات کی تفصیلات کے ساتھ ایک سرکولر اور گائیڈلائنس شائع کئے جائیں جنہیں آئسولیشن کٹ میں رکھا جائے۔ ویڈیو کانفرنس کے موقع پر سکریٹری ہیلت رضوی ، کمشنر ہیلت شریمتی کرونا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔