ہر ضلع کے عوام سے ملاقات اور ان کے مسائل حل کرنے کا عزم

   

کریم نگر آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں کانگریس اقلیتی قائدین اور مختلف تنظیموں سے جناب عامر علی خاں کا خطاب
حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( شاہنواز بیگ ) عوام تک راست پہنچ کر عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے اس کی ممکنہ حد تک یکسوئی کیلئے میں پُرعزم ہوں، اس سلسلہ میں ہر ہفتہ ایک ضلع کا دورہ کررہا ہوں اور عوام بالخصوص اقلیتوں کے بنیادی مسائل کو راست طور پر جاننے کی کوشش کررہا ہوں تاکہ اس کی یکسوئی کیلئے عملی اقدام کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل و نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کریم نگر دورہ کے موقع پر کانگریس اقلیتی قائدین و مختلف تنظیموں سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ کانگریس میناریٹی ضلع کریم نگر کے زیر اہتمام آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں جناب عامر علی خاں کی آمد پر ایک تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے کہا کہ وہ ہر ضلع کا دورہ اس لئے کررہے ہیں تاکہ شہر سے دور دیہی عوام کے مسائل اور پریشانیوں کی جانکاری حاصل کرکے اس کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے انہیں اس سے واقف کرواسکوں تاکہ ان مسائل کی یکسوئی کا مستقل حل نکل سکے۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ آئندہ اضلاع کے دورہ کے موقع پر صدرنشین وقف بورڈ اور دیگر کارپوریشن کے چیرمین کو بھی اپنے ہمراہ لے کر جانے کی کوشش کروں گا تاکہ وہ بھی راست عوام کے مسائل کی جانکاری حاصل کریں اور اس کی یکسوئی کیلئے بروقت عملی اور ٹھوس اقدام ہوسکے۔ جناب عامر علی خاں نے اس موقع پر کہا کہ وہ بے روزگار اقلیتی نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے فکرمند ہیں اس سلسلہ میں جامع منصوبہ کے ساتھ لائحہ عمل تیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈکی اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں پر روزگار پر مبنی چھوٹے بڑے صنعتی ادارے قائم کرکے مسلم نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے مواقع فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ جناب عامر علی خاں نے اس موقع پر عوام سے خواہش کی کہ ہر ضلع میں ایک ایسی کمیٹی بنائی جائے جو عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرے اور ان مسائل سے ہمیں واقف کروائیں تاکہ ہم ان مسائل کو چیف مسٹر تک پہنچاسکیں اور اس کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کرسکیں۔ اس موقع پر مختلف ٹیچرس نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل رکھے اور یادداشت بھی پیش کی اور بتایا کہ دس سال سے وہ تقررات کے منتظر ہیں۔ سابق حکومت میں کافی چکر کاٹے لیکن کچھ نہیں ہوا، ان ٹیچرس نے جناب عامر علی خاں سے کہا کہ وہ خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ان کے مسائل سے چیف منسٹر کو واقف کروائیں تاکہ ہمارا مسئلہ حل ہو اور ہمارے خاندان کو معاشی طور پر راحت حاصل ہوسکے۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ اس طرح کی شکایتیں مختلف اضلاع سے حاصل ہورہی ہیں جس میں نلگنڈہ، محبوب نگر، کھمم، عادل آباد وغیرہ شامل ہیں جہاں کے ٹیچرس کے مسائل کے تعلق سے ہم چیف منسٹر صاحب کو مکتوب روانہ کرچکے ہیں اور مزید اس کیلئے ٹھوس اقدام کریں گے۔ اس موقع پر کریم نگر کے وہ خوش نصیب نومنتخب 11 ٹیچرس نے بھی جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی جنہیں احکام تقرر ات حوالے کئے گئے ہیں اور ان کی گلپوشی بھی کی گئی۔اس موقع پر کانگریس اقلیتی قائدین نے بھی جناب عامر علی خاں کواپنے مسائل پیش کئے اور کہا کہ ہم اپنی پریشانیوں سے کسی کو واقف نہیں کرواپارہے ہیں،کوئی مسلم قائد نہیں ہے جن کو ہم اپنا دکھ درد سناسکیں، آپ سے ہمیں امیدیں وابستہ ہیں اور آپ ہی ہمارے ہمدرد رہنما ہیں۔ ان قائدین نے ریاستی کابینہ میں جناب عامر علی خاں کی شمولیت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ کابینہ میں مسلم قائد نہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ ان قائدین نے مسلم قائدین کو نامزد عہدوں کیلئے نمائندگی کرنے کی بھی اپیل کی۔ واضح رہے کہ جناب عامر علی خاں کے کریم نگر دورہ پر کانگریس قائدین اور مختلف تنظیموں کی جانب سے والہانہ خیرمقدم اور استقبال کیا گیا اور گلپوشی و شال پوشی کرتے ہوئے زبردست تہنیت پیش کی گئی۔