ہر غریب خاندان کو مکانات فراہم کئے جائیں گے

   

آرمور منڈل انکاپور گاؤں میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم، ارکان اسمبلی سدرشن ریڈی، راکیش ریڈی کا خطاب

آرمور۔ 26ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )آرمور منڈل کے انکاپور گاؤں میں ڈبل بیڈ روم پر مشتمل مکانات اہل استفادہ کنندگان میں تقسیم عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر بودھن کے رکن اسمبلی پی سدرشن ریڈی، آرمور کے رکن اسمبلی پیڈی راکیش ریڈی اور ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور 92 مستحق افراد میں ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ اسناد تقسیم کئے۔یہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا آغاز بی آر ایس دور حکومت میں کیا گیا اس کی تکمیل مکمل اب ہوئی۔اس طرح تہوار جیسے ماحول میں مستحقین کے ساتھ مکانات میں داخلے کی رسم ادا کی گئی۔ برسوں سے اپنے ذاتی مکان کے خواب دیکھنے والے استفادہ کنندگان نے مکانات حاصل کرنے پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اظہارِ تشکر کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سدرشن ریڈی نے کہا کہ مثالی گاؤں انکاپور سے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب خاندان کے ذاتی مکان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ رکن اسمبلی پیڈی راکیش ریڈی نے کہا کہ اپنے آبائی گاؤں انکاپور میں مکانات کی تقسیم کے لئے انہوں نے خصوصی دلچسپی لی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستحق تمام خاندانوں کو اندراماں مکانات بھی فراہم کئے جائیں گے اور اگر کوئی مستحق رہ گیا ہے تو اسے بھی مکان لازماً الاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست یا پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے بتایا کہ ضلع میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور انکاپور کی طرز پر دیگر مقامات پر بھی مستحقین میں مکانات تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر انکاپور گاؤں میں بی ٹی روڈ کے تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ پروگرام میں ریاستی اردو اکیڈمی کے صدر طاہر بن حمدان، ریاستی کوآپریٹو یونین لمیٹڈ کے صدر مانالہ موہن ریڈی، ڈی سی سی بی صدر رمیش ریڈی، ضلع لائبریری کمیٹی صدر راجی ریڈی، ہاؤزنگ شعبہ کے ضلع پروجیکٹ ڈائریکٹر پون کمار، ڈپٹی ای ای نیورتی، آرمور ایم پی ڈی او شیواجی، تحصیلدار ستیانارائنا اور دیگر عہدیداران شریک رہے۔