ہر فرد کی صحت پر حکومت کی توجہ، معیاری طبی خدمات اولین ترجیح

   


مریضوں کے علاج کیلئے جدید ٹکنالوجی سے استفادہ، محبوب نگر جنرل ہاسپٹل میں ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کی صحافیوں سے بات چیت
محبوب نگر ۔ 6 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غریب عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی حکومت کا عین مقصد ہے۔ اسی مقصد کے تحت جدید ٹکنالوجی سے استفادہ کے لئے کئی ایک اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس بات کی وضاحت ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج دوپہر مستقر محبوب نگر پر جنرل ہاسپٹل میں 13 کروڑ کی لاگت سے زیر تعمیر ایم آر آئی سنٹر، چار کروڑ کی لاگت سے قلب کے مریضوں کے لئے کیاتھر لیاب کے تعمیری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں بہترین طنی خدمات کی فراہمی کے لئے جدید ترین ٹکنالوجی کی فراہمی کے لئے کئی ایک اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ماضی کی حکومتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ معمولی امراض، ملیریا، ٹائفائیڈ، ڈینگو جیسے موسمی امراض کا مناسب علاج نہ ہونے سے کئی ایک افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، لیکن آج تلنگانہ حکومت آنگن واڑی مراکز کے ذریعہ تمام دیہاتوں میں ہر گھر اور ہر فرد کی صحت کے معاملے میں نظر رکھے ہوئے ہے۔ ماضی میں سرکاری دواخانوں میں 20 تا 30 زجگیاں ہی مشکل سے ہوتی تھیں لیکن آج 1000 سے زائد زچگیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مرض کی شناخت کے لئے معائنے (ڈیاگنوسس) ضروری ہیں۔ بعض ٹسٹ کافی مہنگے ہوتے ہیں جو غریب طبقہ کے افراد کے بس کے باہر ہیں۔ حکومت ایم آر آئی، ڈیاگنوسٹک کے ساتھ لیاب کو کروڑوں روپے صرف کرتے ہوئے غریب عوام کو سہولت فراہم کررہی ہے۔ اسی طرح گھٹنوں کی ہڈی کی (سرجری) تبدیلی کا بھی عنقریب آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قدیم کلکٹریٹ کی جگہ پر بہت جلد سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ ہمدردی کے جذبے کے ساتھ انسانی بنیادوں پر مریضوں کا علاج کریں۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین نرسمہلو، ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رام کشن، انچارج ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر ششی کانت، ڈاکٹر جیون کے علاوہ عوامی نمائندے و عہدیداران موجود تھے۔