کوداڑ کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، نظم و نسق کو چوکس رہنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔2۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کوداڑ اسمبلی حلقہ میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ ہر متاثرہ خاندان کی حکومت کی جانب سے مدد کی جائے گی ۔ رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی ضلع کلکٹر ٹی نندلال پوار اور ایس پی سنپریت سنگھ کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے ضلع نظم و نسق کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ 24 گھنٹے تک چوکسی برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جانی اور مالی نقصانات کو کم کرنے میں نظم و نسق کو کامیابی ملی ہے۔ فصلوں اور املاک کے نقصانات پر حکومت کی جانب سے معاوضہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین دنوں سے موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کھمم اور نلگنڈہ کے کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ عوام کو چوکسی کا مشورہ دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے پیش نظر عوام کو چوکس رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام جلد ہی شروع کئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی سے متاثرہ خاندانوں نے ملاقات کی اور نقصانات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ خاندانوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم عمل میں لائیں اور ریلیف کیمپس میں مقیم افراد کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ 1