حکومت کے کارنامے عوام تک پہنچائیں، ایوان میں ارکان پابندی سے شریک ہوں، مقننہ پارٹی اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس اقتدار سے محرومی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کانگریس ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ اسمبلی اور کونسل میں پابندی سے حصہ لے کر اپوزیشن کے پروپگنڈے کا موثر جواب دیں۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ایوانوں کے کانگریسی ارکان نے شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزراء اور گورنمنٹ وہپس اجلاس میں شریک تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک سالہ کارکردگی میں حکومت کے کارناموں کو عوام تک پہنچانے میں ارکان کو اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ حکومت نے نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ارکان کو پابندی کے ساتھ ایوان کے اجلاس میں شرکت کرنی چاہئے بصورت دیگر وہ ناکام تصور کیئے جائیں گے۔ انہوں نے ارکان کو مشورہ دیا کہ ایوان کی کارروائی کے دوران جذباتی بیانات کے بجائے ایوان کے وقار کو ملحوظ رکھیں۔ چیف منسٹر نے 9 ڈسمبر کی تاریخی اہمیت کو بیان کرکے کہا کہ تلنگانہ تشکیل دینے والی سونیا گاندھی کی سالگرہ ہے۔ 2009ء میں آج ہی کے دن اس وقت کے مرکزی وزیر چدمبرم نے علیحدہ ریاست کی تشکیل کا اعلان کیا تھا، اسی دن کی مناسبت سے تلنگانہ تلی مجسمہ نصب کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس نے 10 سالہ اقتدار میں سرکاری طور پر تلنگانہ تلی مجسمہ کو اختیار نہیں کیا جو حکومت کی اہم ناکامی تھی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے جہد کاروں اور ماہرین سے مشورہ کے بعد تلنگانہ تلی مجسمہ تیار کیا ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کیلئے ’ٹی ایس‘ کے بجائے ’ٹی جی‘ اختیار کرنے اور ’جیا جیا ہو تلنگانہ‘ گیت کو سرکاری گیت تسلیم کیا گیا ۔ تلنگانہ تلی کے مسئلہ پر سابق حکومت نے تساہل کا رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکمل احتیاط سے تلنگانہ تلی مجسمہ کو تیار کیا گیا اور عوام نے اسے قبول کیا ہے۔ چیف منسٹر نے ارکان سے کہا کہ وہ دونوں ایوانوں کے مباحث اور کارروائی میں حصہ لیں۔ 1