بوٹسوانا: اگرچہ مختلف جانور انسانوں سے مانوس ہوجاتے ہیں لیکن جنگلی حیات کے ماہر ویلنٹن گرونر نے ایک شیرنی کو پال پوس کر بڑا کیا اور اب وہ ہمیشہ سامنے آتے ہی پہلے اس سے گلے ملتی ہے۔مکمل طور پر جوان اس شیرنی کا نام سرگا ہے جسے بہت چھوٹی عمر سے ہی ویلنٹن کی آغوش مل گئی۔ گزشتہ دس برس سے اس کی اپنے مالک سے محبت کا اظہار کا ایک ہی طریقہ ہے کہ وہ اچھل کر اس کے گلے لگ جاتی ہے۔ جب تک وہ یہ عمل نہیں کرتی اسے سکون نہیں ملتا۔اب یوٹیوب ہو یا ٹک ٹاک، دونوں پلیٹ فارم پر ویلنٹن اور سرگا کی ویڈیو مقبول ہورہی ہیں۔ بصورتِ دیگر عام افراد اس جانور کو دیکھ کر ہی خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔ ویلنٹن کہتے ہیں کہ سرگا کا رویہ ہمیشہ ہی محبت بھرا رہتا ہے لیکن وہ دیگر لوگوں کو اس کے قریب جانے کا مشورہ نہیں دیتے کیونکہ یہ عمل خطرناک ہوسکتا ہے۔