جگتیال میں عہدیداران کا اجلاس ، ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت کا خطاب
جگتیال۔ 9 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ’’چیف منسٹر سوچھ ہریتا گرامم‘‘ پروگرام کو ضلع جگتیال کے تمام مواضعات میں کامیاب بنانے کی ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت نے عہدیداران کو تاکید کی۔ دفتر ضلع کلکٹر میں اسپیشل آفیسرس کے ہمراہ انہوں نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پنچایت راج کے قانون 2019ء اور سیکشن 52 کے تحت صاف صفائی اور سرسبز شاداب بنانے کے پروگراموں کو مواضعات کی سطح سے ضلع کی سطح تک روبہ عمل لانے کی تاکید کی۔ اس پروگرام کے تحت ہر موضع کی سڑک پر 3 کیلومیٹر کی دوری پر شجر کاری کرنے اور ہر مکان میں 6 تا 10 پودوں کو لگوانے کا حکم دیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ہر گاؤں میں تالابوں، سرکاری دفاتر جیسے گرام پنچایت، مدارس، کمیونٹی ہال، عبادت گاہوں اور ایس آر ایس پی دفاتر کھلے مقامات پر شجر کاری کرتے ہوئے مقررہ ہدف کو پورا کریں۔ اس پروگرام کی عمل آوری کیلئے گرام پنچایت کی سطح پر منڈل کی سطح کا عہدیدار، تین منڈلوں کیلئے ایک کلسٹر عہدیدار اور ہر منڈل کیلئے ایک ضلعی عہدیدار کو اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے تقرر کیا گیا اور ہر موضع میں مختلف علاقہ واری ایک گاؤں کی سطح کے عہدیدار کا تقرر کیا جائے گا۔ ہر منگل کو مواضعات میں پنچایت سیکریٹری، شعور بیداری اور مستقبل کی حکمت عملی کی منصوبہ بندی سے متعلق اجلاس کا انعقاد عمل میں لانے کی ضلع کلکٹر نے تاکید کی اور دیہی عوام کو انتباہ دیا جائے کہ عام مقامات پر رفع حاجت سے فارغ ہونے، سڑکوں پر کچرا ڈالنے اور پانی کوضلع کرنے والوں پر غیرمتعینہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مواضعات میں لگوائے گئے ہر پودے کی افزائش کی اسپیشل آفیسر دمہ داری لیں۔ مختلف اداروں میں لگوائے گئے پودوں کی افزائش کی ذمہ داری متعلقہ ذمہ داروں کو دی جائے۔ پودوں کی افزائش نہ ہونے اور ختم ہونے پر متعلقہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا ضلع کلکٹر نے انتباہ دیا۔ ہر موضع کو صاف ستھرا بنانے کی انہوں نے تاکید کی۔ اس عمل کیلئے ابتداء میں کوئی پانچ مواضعات کا انتخاب کرتے ہوئے عوامی قائدین اور عہدیداران آپسی تعاون کے ذریعہ پروگرام کا آغاز کریں۔ گاؤں میں سڑکوں پر موجود ناکارہ پودوں کو اکھاڑ پھینکا جائے۔ ہر گھر میں انجذابی گڑھوں کو قابل استعمال بنایا جائے۔ مکانات میں برسات کے پانی اور ضائع ہونے والے پانی کو محفوظ کرنے کا شعور بیدار کیا جائے۔ اس پروگرام سے متعلق ہر ہفتہ تفصیلات معہ تصویرات کو آن لائن فراہم کریں۔
