ہر نومنٹ میں ریبیز سے ایک موت ہوتی ہے : ڈبلیو ایچ او

   

جنیوا / نئی دہلی، 28 ستمبر (یو این آئی) عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا میں ہر نو منٹ میں کہیں نہ کہیں ریبیز سے ایک شخص کی موت واقع ہوتی ہے ۔ اگر جنگلی جانوروں کے کاٹنے کے بعد اینٹی ریبیز سیرم اور ویکسین کی مکمل خوراک لے لی جائے تو اس سے بچاؤ ممکن ہے ۔ہر سال 28 ستمبر کو ‘عالمی ریبیز ڈے ‘ منایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر آج ڈبلیو ایچ او نے اس بیماری کے بارے میں لوگوں کو خبردار کیا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق 150 سے زیادہ ممالک، خاص طور پر ایشیا اور افریقہ میں ریبیز ایک سنگین مسئلہ ہے ۔یہ بیماری جنگلی جانوروں، کتوں اور بلیوں کے کاٹنے یا خراش لگانے سے ہوتی ہے ، جس کی تھوک کے ذریعے ریبیز کا وائرس متاثرہ شخص کے جسم میں داخل ہو جاتا ہے ۔ اس سے ہر سال ہزاروں افراد کی موت ہو جاتی ہے ، جن میں سے 40 فیصد اموات 15 سال سے کم عمر بچوں کی ہوتی ہیں۔ریبیز کے 99 فیصد کیسز کتوں اور بلیوں کے کاٹنے یا خراش لگانے سے ہوتے ہیں۔