نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ شائقین اور ماہرین سمجھتے ہیں کہ ٹیم کے نئے اسٹار کھلاڑی ہنوما وہاری نے بہتر مظاہروں کے ذریعہ ٹیم میں اپنے مقام کو مستحکم کرلیا ہے لیکن ہنوما وہاری کا خیال اس سے مختلف ہے کیونکہ وہ ہر ٹسٹ کو اپنا آخری مقابلہ سمجھتے ہیں اور مظاہروں میں تن آسانی نہیں کرتے۔ 25 سالہ بیٹسمین نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان کی 2-0 کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ثابت ہوئے جیسا کہ انہوں نے اس سیریز میں 291 رنز اسکور کئے۔ وہاری کو روہت شرما پر ترجیح دیتے ہوئے قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔ وہاری نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بہتر مظاہروں پر خوش تو ہوں لیکن میں نے ہر ٹسٹ کو اپنا آخری مقابلہ سمجھ کر کھیلا ہے اور آئندہ مقابلے بھی میں ایسے ہی کھیلوں گا۔ ویسٹ انڈیز کے دورہ پر شاندار مظاہروں کے کپتان ویراٹ کوہلی بھی معترف ہیں اور انہوں نے وہاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان بیٹسمین مقابلے کے تقاضوں کے مطابق بیٹنگ کرتے ہیں۔ وہاری نے کہا کہ میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں کئی دباؤ کے لمحات کا سامنا کیا ہے اور کئی چیلنجس کو جھیلا بھی ہے جس سے میری بیٹنگ میں پختگی آئی ہے۔ یاد رہے فرسٹ کلاس کرکٹ کے75 مقابلوں میں وہاری کا اوسط 60.30 ہے اور انہیں ایم ایس کے پرساد نے آندھرا کی نمائندگی کا موقع دیا تھا۔