ہر پارلیمانی حلقہ میں بی سی طبقات کو 2 اسمبلی نشستیں: وینکٹ ریڈی

   

سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے نمائندگی،عہدوں کی کبھی خواہش نہیں رہی

حیدرآباد۔/16 اگسٹ ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اور اسٹار کمپینر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ہر لوک سبھا حلقہ میں بی سی طبقات کیلئے 2 نشستیں الاٹ کرنے انہوں نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے نمائندگی کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی سی طبقات کو کانگریس سے قریب لانے کیلئے اسمبلی ٹکٹوں میں مناسب نمائندگی کی ضرورت ہے۔ بی سی طبقات ہر پارلیمانی حلقہ میں 4 اسمبلی ٹکٹوں کی مانگ کررہے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے انہوں نے ہر پارلیمانی حلقہ میں دو نشستیں بی سی امیدواروںکو الاٹ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی کابینہ میں بی سی اور دیگر طبقات کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف اعلیٰ طبقات کو زائد نمائندگی دی گئی ہے۔ کسانوں کو قرض معافی سے متعلق حکومت کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں کے سی آر کو قرض معافی کا خیال نہیں آیا اب جبکہ انتخابات قریب ہیں قرض معافی اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض کی جگہ صرف سود معاف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ کے کنٹراکٹ سے حاصل ہونے والی رقم کے ذریعہ کسانوں کے سود کی رقم معاف کی جارہی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ انہیں کبھی بھی عہدوں کی خواہش نہیں رہی۔ وہ ایم پی، ایم ایل اے، وزیر یا چیف منسٹر کے عہدہ کے کبھی بھی خواہاں نہیں رہے۔ تلنگانہ کے نوجوانوں کے تابناک مستقبل کیلئے انہوں نے علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی کے قریبی رشتہ دار کو گندھا ملا ذخیرہ آب کے کام الاٹ کئے گئے ہیں۔