جموں، 13 نومبر (آئی اے این ایس) جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ہر کشمیری کو شک کی نگاہ سے دیکھنا غلط ہے، کیونکہ ہرکشمیری دہشت گرد نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق اس سوچ سے لوگ درست راستے سے بھٹک جاتے ہیں۔عمر عبداللہ نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہلی دھماکوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ معصوم لوگوں کا اس طرح بہیمانہ قتل ناقابلِ قبول ہے، کوئی مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا۔ تحقیقات جاری ہیں اور قصورواروں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ہر شہری کو شک کی نظر سے دیکھنے کا مطلب ہے لوگوں کو غلط راستے پر دھکیلنا ہے۔ جموں و کشمیر کے ہر شخص یا ہرکشمیری مسلمان کو دہشت گرد سمجھ لینا انصاف نہیں۔ یہ صرف چند لوگ ہیں جو ہمیشہ یہاں امن و بھائی چارہ بگاڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اصل مجرموں کو سزا ضرور ملے، مگر بے گناہوں کو اس میں نہ گھسیٹا جائے۔ عمر عبداللہ کے مطابق بعض اوقات تعلیم یافتہ افراد بھی ایسے واقعات میں ملوث پائے جاتے ہیں، لیکن اس کی بنیاد پر پورے معاشرے کو مجرم نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ یاد رہے کہ اپریل میں پہلگام دہشت گرد حملے میں 26 افراد، جن میں 25 سیاح اور ایک مقامی ٹٹو مالک شامل تھے، لشکرِ طیبہ کے دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔