ہر گھر سرکاری اسکیم کی رسائی، حکومت کا نشانہ

   

محبوب نگر میں اقلیتی امدادی چیکس کی تقسیم، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر : 5 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پسماندہ غریب افراد کے لیے مالی امداد کے لیے اسکیمات اور اقدامات کا سلسلہ نہیں رکے گا اور جاری رہے گا۔ ان عزائم کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے کیا۔ وہ پیر کی شام مستقر محبوب نگر کے شلپارامم میں پسماندہ طبقات کی مالی امداد کے پروگرام میں دوسرے مرحلہ کے تحت 300 مستحقین میں فی کس ایک لاکھ روپئے چیکس کی تقسیم کے موقع پر مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر کے سی آر کی دانشمندانہ قیادت میں مختلف اسکیمات جاری ہیں اور ہمارا نشانہ ہے کہ اسکیم کے فوائد سے ہر گھر مستفید ہو۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات کا تفصیلی ذکر کیا۔ تمام طبقات کے غرباء کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے مقصد سے غریبوں کو ایک لاکھ روپئے اپنے خاندان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام کے لیے مرحلہ وار جاری کئے جائیں گے۔ اعلی ذات کے غریبوں کو بھی محروم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کی ترقی کے لیے وہ ایک جامع منصوبہ کے ساتھ مصروف ہیں اور ہم ایسی ترقی دیں گے جس کا تصور بھی ممکن نہیں ہے۔ اس اسکیم کے تحت ضلع بھر میں 900 مستحقین میں کئے گئے جبکہ محبوب نگر میں پہلے مرحلہ میں 300 اور دوسرے مرحلہ میں 300 چیکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر لائبریریز چیرمین راجیشور گوڑ، میونسپل چیرمین نرسمہلو، وائس چیرمین گنیش، کونسلرس، عوامی نمائندے و دیگر شریک تھے۔