ہر 1,457 شہریوں کیلئے ایک ڈاکٹر

   

نئی دہلی 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں ہر 1,457 شہریوں کے لئے ایک ڈاکٹر دستیاب ہے جبکہ ملک کی موجودہ آبادی کا تخمینہ 1.35 بلین ہے۔ حکومت نے آج پارلیمنٹ کو بتایا کہ شہری اور ڈاکٹر کا تناسب عالمی صحت تنظیم کے قاعدہ 1:1000 سے کم تر ہے۔ 11.57 لاکھ سے کچھ زائد ایلوپیتھک ڈاکٹرس میڈیکل کونسلس اور میڈیکل کونسل آف انڈیا کے پاس درج رجسٹر ہیں۔ مملکتی وزیر صحت اے چوبے نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ایک اندازہ کے مطابق تقریباً 9.26 لاکھ ڈاکٹرس ہی درحقیقت سرگرم طور پر سرویس کی فراہمی کے لئے دستیاب ہے۔ اِس کے علاوہ 7.88 لاکھ آیوروید ، یونانی اور ہومیوپیتھی ڈاکٹرس بھی ملک بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔