چینائی ۔ چینائی سپور کنگ کے بیٹنگ کوچ مائیکل ہسی بالآخر کرورنا سے صحتیاب ہوکر آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔ ہسی دوحہ کے ذریعہ آسٹریلیا روانہ ہوئے ہیں۔ آئی پی ایل کی ٹیم چینائی سوپر کنگس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اطلاع دی ہے کہ ہسی جن کا ایک سے زائد مرتبہ کورونا کا نتیجہ مثبت آیا تھا وہ بالآخر کورونا سے صحتیاب ہوکر وطن کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔ سابق آسٹریلیائی بیٹسمین ہسی کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی جمعہ کے دن رپورٹ منفی آئی ہے جس کے بعد اتوار کے اولین ساعتوں میں انہیں ملک روانہ کردیا گیا ہے۔ سی ایس کے کے سی ای او کے ایس وشواناتھن نے پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جی ہاں ہسی دوحہ کے راستہ آسٹریلیا روانہ ہوچکے ہیں۔ ہسی جو کہ منسوخ شدہ انڈین پریمیر لیگ میں کورونا سے متاثر ہونے والے ابتدائی افراد میں شامل تھے جن کا ایک سے زائد مرتبہ نتیجہ مثبت آنے کے بعد ان کا قرنطینہ کردیا گیا تھا۔ یاد رہے آئی پی ایل کا 14 واں ایڈیشن چار کھلاڑیوں کے کورونا سے مثبت پائے جانے کے بعد 4 مئی کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ ابتدائی افراد میں چینائی سوپر کنگس کے بولنگ کوچ لکشمی پتی بالاجی اور ہسی بھی شامل تھے جنہیں دہلی سے چینائی فضائی ایمبولنس کے ذریعہ لایا گیا تھا۔ ہسی کے علاوہ دیگر آسٹریلیائی شہریوں میں فاسٹ بولر پیٹ کمنس، اسٹیو اسمتھ، ڈیویڈ وارنر کے ہمراہ کامنٹریٹر مائیکل سلیٹر نے مالدیپ میں قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوئے۔ ہسی مالدیپ میں اپنے شہریوں کے ساتھ شامل نہیں ہوئے تھے کیونکہ ان کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ آسٹریلیا نے 15 مئی تک ہندوستان سے آنے والے طیاروں پر پابندی عائد کردی تھی جس کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کا وطن جانا مشکل ہوا تھا۔