بودھن کالج گراؤنڈ میں بلدیہ نے دکانات لگانے سے روک دیا، بیوپاریوں کی برہمی
بودھن ۔ بودھن میں ہفتہ واری بازار کو اتوار کے روز مقامی رہائشین کی شکایت پر مجلس بلدیہ کے عہدیداروں نے پولیس کی مدد سے بازار میں سبزی فروش و دیگر اشیائے ضروریہ کی عارضی دکانات لگانے سے روک دیا۔ کورونا وائرس وباء کے دوسرے مرحلے کے دوران ہفتہ واری بازار کو گورنمنٹ جونیر کالج کے گراؤنڈ میں عارضی طور پر منتقل کردیا گیا تھا۔ لاک ڈاؤن و تحدیدات مکمل طور پر برخواست ہونے کے بعد جونیر کالج انتظامیہ نے گراؤنڈ میں دکانات لگانے سے تین ہفتہ قبل ہی منا کردیا۔ بیوپاریوں کو گوشالہ روڑ پر حسب سابق دکانات منتقل کرلینے کی خواہش کی لیکن گاوشالہ کے قریب واقع مکینوں نے ان کے علاقہ میں سڑک کے کنارے دکانات لگانے سے روک دیا۔ گزشتہ تین اتواروں سے مجلس بلدیہ کے عہدیدار ہفتہ واری بازار کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنے کا وعدہ کرتے رہے لیکن ناکام ہوچکے۔ آج برہم بیوپاری انہیں حسب سابق جگہ گوشالہ روڑ پر دکانات لگانے کی کوشش کی جس کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔ بیوپاریوں کی کثیر تعداد نے عام آدمی پارٹی کے مقامی صدر جنید احمد کی قیادت میں جلوس کی شکل میں دفتر بلدیہ پہنچے جہاں پر احتجاجیوں نے رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر چیرپرسن ٹی پدما اور ان کے شوہر شرت ریڈی کونسلر اور کمشنر بلدیہ رام لنگم کے خلاف نعرے بلند کئے۔
