حیدرآباد : شہر میں ایک بڑی نیشنل لوک عدالت /12 ڈسمبر کو منعقد ہوگی جس میں ٹرائیل کورٹس کے ججس فوجداری مقدمات کی یکسوئی کیلئے فیصلے کریں گے ۔ اس لوک عدالت میں چیک باؤنس کیسیس ، موٹر حادثات کیسیس ، گھریلو تشدد سے متعلق کیسیس ، دیوالیہ ، رقم کی بازیابی وغیرہ کیسیس کی جو برسوں سے زیرالتواء ہیں ، اس لوک عدالت میں یکسوئی کی جائے گی ۔ عوام کو تنازعات سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اس موقع سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے حیدرآباد میٹروپولیٹین لیگل سرویسیس اتھاریٹی (ایم ایل ایس اے) کے سکریٹری رادھا کرشنا چوہان نے مقدمہ بازی کے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اس سلسلہ میں آگے آئیں اور ان سے ان کے دفتر نامپلی کورٹس کامپلکس حیدرآباد میں ربط پیدا کریں ۔ چوہان نے کہا کہ ’’ ہم نے نیشنل اینڈ اسٹیٹ لیگل سرویسیس اتھارٹیز کی ہدایات کے مطابق اس سرگرمی کو شروع کیا ہے ۔ اس تعلق سے قانونی راحت حاصل کرنے کے خواہاں افراد کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ایک فریق کے طور پر خود آسکتے ہیں یا ان کی مرضی کے وکیل کو بھی لاسکتے ہیں ۔د لچسپ بات یہ ہے کہ میٹرو پولیٹین لیگل سرویسیس اتھاریٹی نے لوک عدالت کے کیسیس کیلئے ورچول سہولت بھی شروع کی ہے ۔ اس سہولت سے استفادہ کرنے کے خواہاں فریقین پولیس سے جہاں ان کا کیس زیرالتواء ہے یا ان کے وکیل سے ربط کرسکتے ہیں ۔ چوہان نے کہا کہ ’’ ہم کو ان کا ارادہ معلوم ہونے پر ہم انہیں ورچول لنک فراہم کریں گے جس کے ذریعہ وہ ان کی مرضی کے مقام سے لوک عدالت میں شرکت کرسکتے ہیں۔ یہ مقام ان کا گھر ، ان کے ایڈوکیٹ کا دفتر بھی ہوسکتا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین سیشن جج اور چیرمین حیدرآباد میٹروپولیٹین لیگل سرویسیس اتھاریٹی تکارام جی صدارت کریں گے ۔