ہلدی بورڈ کے قیام میں ناکامی،بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا پتلا نذر آتش

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ کے ضلع نظام آبادمیں ہلدی بورڈ کے قیام میں ناکامی پر استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ فارمرس یونین کی جانب سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کا پتلا نذر آتش کیاگیااور احتجاج کیاگیا۔گذشتہ انتخابات میں رکن پارلیمنٹ نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ مرکز سے نظام آباد کے لئے ہلدی بورڈ منظور کروائیں گے اور اس میں ناکامی پر عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے ۔انتخابات کے دو سال کی تکمیل کے باوجود اروند ہلدی بورڈ کے قیام میں ناکام رہے ۔اس مسئلہ پر مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں واضح کردیا کہ نظام آبادمیں اس بورڈ کے قیام کی کوئی تجویز نہیں ہے جس کے بعد کسانوں نے اروند پر برہمی کا اظہار کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری عہدہ سے مستعفی ہوجائیں جس کا قبل ازیں انہوں نے وعدہ کیا تھا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ فارمرس یونین کے چیف سکریٹری ٹی ساگر نے کہا کہ تقریبا40ایکڑ اراضی پر ہلدی کی کاشت ہوتی ہے اور کسانوں کو ان کی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت نہ ملنے پر کافی مشکلات اور نقصانات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہلدی بورڈ قائم کرنے پر ان کو ان کی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت حاصل ہوسکتی ہے ۔اس کی ایک امید تھی تاہم مرکز نے اس امید کو ختم کردیا۔