ہلدی کے کھیتوں کا معائنہ، ضلع کلکٹر کا دورہ

   

کسانوں کے مسائل سے واقفیت، خرید و فروخت کے طریقہ کار کا جائزہ
نظام آباد 28 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد کو ہلدی کی کاشت میں امتیازی حیثیت حاصل ہونے کے پس منظر میں کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے مون پلی مضافات میں واقع ہلدی کے کھیتوں کا دورہ کرتے ہوئے فصل کی حالت اور کاشت کے طریقوں کا جائزہ لیا، جہاں انہوں نے آ لوری پدا ملیا کے زیر کاشت رقبہ کا معائنہ کرتے ہوئے زمین کی نوعیت، موزوں اقسام اور کاشت کے عملی طریقوں کے بارے میں کسان سے تفصیلات حاصل کی اور فصل کی تیاری سے لے کر نکاسی تک کے مراحل میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر کسانوں نے ہلدی کی کھدوائی، ابالنے، پروسیسنگ، ذخیرہ کرنے اور کولڈ اسٹوریج میں محفوظ رکھنے کے مرحلہ وار طریقہ کار سے کلکٹر کو واقف کرایا اور بتایا کہ معیاری پیمانوں کی پابندی سے منڈی میں بہتر قیمت حاصل ہوتی ہے جبکہ زیادہ نمی والی ہلدی کم قیمت پر فروخت ہوتی ہے موجودہ صورتحال میں 12 تا 15 فیصد نمی والی فصل کو اچھی قیمت مل رہی ہے تاہم بے موسمی بارشوں اور خشک کرنے کے مناسب پلیٹ فارم کھلا نہ ہونے کے باعث ہلدی بھیگ کر معیار متاثر ہو رہا ہے جس سے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ گاؤں کے سرپنچ مسکو سائی ریڈی نے کمیونٹی خشک کرنے کے پلیٹ فارم قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کلکٹر کو تحریری درخواست پیش کی اس دورہ کے دوران آرمور سب کلکٹر ابھگیان مالویہ، ضلع ہارٹیکلچر آفیسر سرینواس، منڈل ہارٹیکلچر آفیسر راجو، منڈل زرعی آفیسر دیویکا، اے ای او بھاسکر نائک، مارکیٹنگ و ریونیو عہدیداران اور کسان موجود تھے۔