ہماری ثقافت ملک میں جنگلی حیات کی آبادی میں اضافے کا باعث بنی: وزیر اعظم مودی

   

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ حفاظت فطرت کی ہندوستان کی ثقافت کے سبب ملک میں ٹائیگرز کی تعداد میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ میں کئی منفرد حصولیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے یہاں پروجیکٹ ٹائیگر کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پرکہا، “ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں فطرت کی حفاظت ثقافت کا ایک حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ میں اس کی کئی منفرد حصولیابیاں ہیں… جس میں ٹائیگرز کی آبادی میں اضافہ بھی شامل ہے۔ ٹائیگرز سے وابستہ ہماری ہزاروں سال قدیم تاریخ ہے۔ مدھیہ پردیش میں پائے جانے والے 10 ہزار سال پرانے راک آرٹ میں ٹائیگر کی متعدد تصویریں ملی ہیں۔ ملک کی بہت سی برادریاں، جیسے وسطی ہندوستان میں رہنے والے بھاریا اور مہاراشٹر میں رہنے والے ورلی، ٹائیگرکی پوجا کرتے ہیں۔ یہاں کئی قبائل میں ٹائیگرکو بھائی سمجھا جاتا ہے۔ ٹائیگرماں درگا اور بھگوان آیاپا کی سواری ہے۔”