ہماری طاقت اللہ تعالیٰ ہیں، حالات کچھ بھی ہوں، ایمان پر قائم رہیں

   

ورنگل میں جلسہ دستاربندی حفاظ، حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر مسلم پرسنل لا بورڈ کا خطاب

ورنگل ۔30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں جمہویت کی بحالی اور آئین کی حفاظت اور عمل کے ذریعہ فرقہ پرست طاقتوں کو بے دخل کرتے ہوئے ملک میں امن و بھائی چارگی کی فضاء کو بحال کرنے کی ضرورت ہے ۔اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ ہم مسلمانوں کوبھی مختلف قسم کی آزمائشوں سے گزاریں گے۔ حضرت محمد ﷺ اور صحابہ ؓ کوبھی کئی ایک آزمائشوں سے گزرنا پڑا لیکن ان کے ایمان میں ذرہ برابر بھی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے حالات جو بھی ہوں مسلمانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔مایوسی کفر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم سرپرست مدرسہ ہذا و قومی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے صوبیداری ہنمکنڈہ میں واقع مدرسہ عربیہ انوار العلوم کے زیر اہتمام مسجد خورد ( چھوٹی مسجد ) میں منعقدہ عظیم الشان اجلاس عام و دستار بندی حفاظ کرام اور موجودہ حالات میں مسلمانوں کی ذمہ داریاں عنوان پر بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔الحاج محمد بلیغ الدین صدر انتظامی کمیٹی نے پروگرام کی نگرانی کی جبکہ الحاج ڈاکٹر محمد سلیمان صدیقی سابق وائس چانسلر عثمانیہ یو نیورسٹی نے صدارت کی ۔جناب حافظ و قاری محمد عبداللہ فاضل فیضی کے قرأت کلام سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔مدرسہ ہذا کے طلباء نے نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔مولانا ہارون رشید قاسمی ،مولانا عبدالستار قاسمی ،مولانا محمد فصیح الدین قاسمی ،مفتی محمد ذکریا قاسمی،مفتی منہاج قیومی ،ڈاکٹر انیس احمد صدیقی ،سید ایوب قاسمی ،حیدر سمیع اللہ سبیلی،حافظ محمد مجاہد سبیلی ،مفتی محمد غوث الدین اشاعتی،مفتی محمد مصعب قاسمی ،مولانا طالب الرحمن رحمانی ،سید بلال افضل قاسمی اور دیگر علمائے کرام اعزازی مہمان کی حیثیت سے شہ نشین پر موجود تھے ۔مولانا محمد عتیق الرحمن اسعدی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔الحاج محمد عبدالجلیل خان ناظم مدرسہ ہذا،معتمد مدرسہ ہذا الحاج محمد عبدالکلیم اللہ خان ،منصور احمد خان ،عبدالمنیم خان پروگرام کی داعی تھے ۔حافظ سید خواجہ سعید الدین صدر مدرس مدرسہ ہذا ،مقصود احمد خان صدر انتظامی کمیٹی مسجدخورد ،سکریٹری محمد حسین الدین ،مولانا سیف اللہ رحمانی نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ چاہے جو بھی حالات ہوں ہمیں چاہیے کہ ہم ایمان پر قائم رہیں ۔ہم صرف لا الہ الااللہ اور توحید پر قائم رہیں ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں مسلمانوں پر کئی ایک آزمائش کے بعد بھی ہمارے مساجد میں اضافہ ہوا ، مدارس میں اضافہ ہوا ہے یہ سب اللہ ہی کا فضل ہے ۔ہماری طاقت اللہ تعالی ہے ۔مولانا محمد فصیح الدین قاسمی نے بھی مخاطب کیا ۔اس موقع پر مہمانوں کے ہاتھوں 37طلباء کی دستار بندی عمل میں لائی گئی ۔مدرسہ ہذا اور مختلف تنظیموں سے وابستہ لوگوں کی جانب سے مولانا سیف اللہ رحمانی کی زبردست تہنیت کی گئی ۔حافظ سید خواجہ سعید صدر مدرس مدرسہ ہذا نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔اس موقع پر مولانا منظور احمد قاسمی ،حافظ محمد حسن الدین ،حافظ محمد امتیاز احمد ،شیخ نظیر پاشاہ کے علاوہ سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔