تہران، 24 جون (یو این آئی)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہماری فوجی کارروائیاں صبح 4 بجے آخری لمحے تک جاری رہیں، انہوں نے ملک کے کامیاب دفاع پر ایرانی افواج کا شکریہ بھی ادا کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کے جواب میں ہماری طاقتور مسلح افواج کی فوجی کارروائیاں صبح 4 بجے آخری لمحے تک جاری رہیں۔انہوں نے کہا کہ میں تمام ایرانی عوام کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنے پیارے وطن کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں، اور جنہوں نے دشمن کے ہر حملے کا آخری لمحے تک ڈٹ کر جواب دیا۔اس سے قبل عباس عراقچی نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور نہ ہی فوجی کارروائیاں بند کرنے کا کوئی فیصلہ کیا ہے ۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے ایران پر تہران کے وقت کے مطابق صبح 4 بجے تک حملے بند کردیے تو ایران بھی جوابی کارروائی نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور نہ ہی فوجی کارروائیاں بند کرنے کا کوئی فیصلہ کیا ہے ۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر جنگ مسلط کی، تہران نے ایسا کچھ نہیں کیا جب کہ ایرانی فوج کے مزید حملے نہ کرنے کا حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ایران کے وزیر خارجہ نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ ‘ہماری طاقتور مسلح افواج کی اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوجی کارروائیاں آخری لمحے (صبح 4 بجے تک) جاری رہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں تمام ایرانی عوام کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنے پیارے وطن کا دفاع کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں، اور جنہوں نے دشمن کے ہر حملے کا آخری لمحے تک بھرپور جواب دیا’۔