ہماری وجہ سے آشا کارکنوں کی ترغیبی رقم میں اضافہ :تیجسوی

   

پٹنہ، 30 جولائی (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی یادو نے آج کہا کہ کو آشا اور ممتا ورکروں کی ترغیبی رقم میں اضافہ کرنے کے ان کے مطالبے کے سامنے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت جھکنا پڑا۔ بہار حکومت نے اسمبلی انتخابات سے قبل آشا اور ممتا ورکرز کے اعزازیہ میں اضافہ کا اعلان کیا ہے ۔ آشا ورکر کو اب ایک ہزار روپے کے بجائے تین ہزار روپے کی ترغیبی رقم دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ممتا کارکنوں کو 300 روپے کے بجائے 600 روپے کی ترغیبی رقم دی جائے گی۔ تیجسوی یادو نے بہار حکومت کے اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ یادو نے بدھ کو ایکس پر لکھا کہ انہوں نے وزیر صحت کے طور پر اپنے 17 ماہ کے دوران آشا اور ممتا کارکنوں کی ترغیبی رقم بڑھانے کا عمل شروع کیا تھا، جو آخری مرحلے میں تھا، لیکن تب تک حکومت اور وزیر اعلیٰ عادتاً پلٹی مار گئے ۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت کو ناکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت دو سال سے کنڈلی مارکر بیٹھی رہی۔ اب آخر کار انہیں آشا اور ممتا کارکنوں کی ترغیبی رقم بڑھانے کے ہمارے مطالبے کے سامنے جھکنا پڑا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہاں کی حکومت نے چالاکی کرتے ہوئے ہمارے مطالبے پر پوری طرح عمل نہیں کیا۔ انہیں اعزازیہ ملنا چاہیے نہ کہ مراعات کی رقم نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب یہ حکومت آنگن واڑی کارکنوں، معاونین اور باورچیوں کے اعزازیہ میں اضافہ کے ہمارے مطالبے کو ماننے پر مجبور ہو گی۔