ڈونیڈن: پاکستان کے فاسٹ بولرحارث رؤف نے کہا ہے کہ سب کھلاڑیوں نے محنت کی ہے لیکن ہمارے بولرس بدقسمت رہے۔ ڈونیڈن میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے پریس کانفرنس کے دوران گفتگوکی۔ اس میں انہوں نے کہاکہ سب کھلاڑیوں نے محنت کی ہے، اس گراؤنڈ پر ہائی اسکورنگ میچز ہوتے ہیں۔ حارث رؤف نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن پاکستانی بولرز اچھی بولنگ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کیوی بیٹرزکے کچھ شاٹ ایسے تھے جن میں ہمارے بولرس بدقسمت رہے،کیوی بیٹرزکے ٹاپ ایج لگنے پر بھی چھکے ہو رہے تھے، ان کے جوکیچز ہونے تھے وہ چھکے ہوئے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم پر تنقید عام ہو چکی ہے، لوگ انتظار کر رہے ہوتے ہیں کہ ٹیم ہارے تو تنقید شروع کریں، پاکستان میں تنقید معمول بن چکی ہے، مگر سب کی اپنی رائے ہے، وہ رائے دے سکتے ہیں۔ہم اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرتے ہیں ۔