ہمارے پاس تباہ کن بیٹنگ شعبہ موجود: مورگن

   

چینائی ۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے کپتان ایان مورگن نے کہا ہے کہ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے پاس ایک تباہ کن بیٹنگ شعبہ ہے جو کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے آئی پی ایل کے اپنے پہلے مقابلے میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف 10 رنز کی کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے مورگن نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو تنہا ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔ مورگن کے بموجب کے کے آر کے لئے ہندوستان سے تعلق رکھنے والے دو باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑی اننگز کا آغاز کررہے ہیں جیسا کہ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے شاندار سنچری پارٹنر شپ نبھائی۔ نیز قیادت کی زائد ذمہ داری سے راحت ملنے کے بعد دنیش کارتک بھی اپنے رنگ میں نظر آئے۔ ترپاٹھی نے نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے بیٹنگ شعبہ کو مزید گہرائی فراہم کی ہے جبکہ اینڈرے رسل جو کہ بیٹنگ میں ناکام ہونے کے باوجود آخری اوور میں 22 رنز کا کامیاب دفاع کیا۔ آخری اوورس میں بولنگ کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن رسل جو کہ کئی برسوں سے کے کے آر کے لئے ایک قیمتی کھلاڑی بنے ہیں۔ کپتان مورگن نے رانا کی بھی تعریف کی ہے جنہوں نے کورونا شکست دے کر پہلے ہی مقابلہ میں ٹیم کے لئے کامیابی دلوانے والی اننگز کھیلی۔ ہربھجن سنگھ کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے مورگن نے کہا کہ ٹیم میں شامل ہونے کے بعد ہربھجن سنگھ کافی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں اور مقابلہ کی مناسبت سے ان سے پہلا اوور کروایا گیا تھا۔ ہربھجن نے پہلے ہی اوور میں ڈیویڈ وارنر کی وکٹ حاصل کرلی تھی تاہم بدقسمتی سے پوائنٹ پر پیاٹ کمنس نے کیچ نہیں لیا۔ امید ہے کہ ہربھجن سنگھ آئندہ مقابلوں میں بھی اس طرح کا مظاہرہ کریں گے۔