ہمارے پاس 50 اراکین اور دو تہائی اراکین پارلیمنٹ کی حمایت ہے، الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے اپنا موقف: ایکناتھ شندے

   

نئی دہلی: ایکناتھ شندے اور ادھو ٹھاکرے گروپ کے درمیان پارٹی پر حق کی لڑائی جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے آج کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس بارے میں ہمیں خط لکھا ہے اور ہم اپنا موقف الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے۔ ہم اصلی شیو سینا ہیں۔ ہمارے پاس 50 اراکین اسمبلی اور لوک سبھا میں پارٹی کے دو تہائی اراکین پارلیمنٹ ہمارے ساتھ ہیں۔الیکشن کمیشن نے ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے دونوں کو یہ ثابت کرنے کے لئے دستاویزی ثبوت پیش کرنے کے لئے کہا ہے کہ ان کے پاس شیو سینا میں اکثریت کے لئے مناسب اراکین ہیں۔ دونوں گروپوں کو اب 8 اگست کو جواب دینا ہے۔ شیو سینا کے شندے گروپ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر پارٹی کا ’دھنش تیر‘ انتخابی نشان اسے دینے کی گزارش کی تھی۔ شندے گروپنے اس کے لئے لوک سبھا اور مہاراشٹر اسمبلی میں اسے ملی منظوری کا حوالہ دیا تھا۔