حیدرآباد: جب کبھی دوستوں،رشتہ داروں اور شناسا افرادسے ملاقات ہوتی ہے تو ان کو گھر کو مدعو کرنا ایک روایت ہے تاہم اس روایت کے برخلاف تلنگانہ کے بھولکپور کی ایک کالونی کے بیشترخاندانوں نے اپنے مکانات کی گیٹس پر بورڈس لگاتے ہوئے مہمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ان کے گھروں کو نہ آئیں اور کسی کو بھی ان کے گھر میں آنے کی اجازت نہ دیں۔کورونا وبا کے پیش نظر یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے جب لوگ یہ شبہ کررہے ہیں کہ اگر ان کے گھر میں کوئی کورونا مثبت شخص آگیا تو وہ بھی اس سے متاثر ہوجائیں گے ۔ریاست تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔بیشتر افراد جو اس سے متاثر ہیں میں اس کی علامات نہیں پائی جارہی ہیں۔ان کا گھروں میں ہی علاج کیاجارہا ہے تاہم ان میں سے بعض افراد کھلے عام سڑکوں پر گھوم رہے ہیں جو تشویش کی بات ہے۔ اس طرح گھروں میں غیر متوقع مہمانوں کی آمد سے پریشان ہوکر بھولک پور ڈیویثرن کی پدماشالی کالونی کے افراد نے یہ انوکھی مہم شروع کی ہے تاکہ خود کو اور خود کے خاندانوں کو اس سے بچایاجاسکے ۔ان افراد نے اپنے گھروں کی گیٹس پر بورڈس، بیانرس، فلیکسی لگاتے ہوئے مہمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ان کے گھروں کو نہ آئیں اور کسی کو اپنے گھر میں آنے نہ دیں۔اس طرح اس انوکھی مہم کے طورپر یہ افراد کسی اور کو اپنے گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔اس قانون کا اطلاق دوستوں،رشتہ داروں اور اجنبی افراد پر ہوگا۔