نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ ہماچل پردیش اور گجرات اسمبلی انتخابات کے بعد اگر پارٹی حکومت بناتی ہے تو پرانی پنشن اسکیم کو لاگو کیا جائے گا۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو فیس بک پوسٹ میں کہا کہ پنشن ملک کی خدمت کرنے والے ہر سرکاری ملازم کی بڑھاپے کا سہارا ہے ۔ پنشن حاصل کرنا ہر سرکاری ملازم کا حق ہے ، جسے بی جے پی حکومت ان سے چھین رہی ہے ، لیکن اگر کانگریس کی حکومت بنی تو پنشن اسکیم کو نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنشن ملازمین کا حق، کانگریس پرانی پنشن اسکیم کو بحال کرے گی۔ پرانی پنشن کو ختم کرکے بی جے پی نے ملک کے بزرگوں سے ان کی مالی حفاظت چھین لی۔ جو اہل وطن زندگی بھر ملک کی خدمت کرتے ہیں وہ بڑھاپے میں کہاں جائیں؟ اپنی زندگی کیسے گزاریں۔ جب کوئی شخص سرکاری ملازمت میں جاتا ہے تو وہ سوچتا ہے کہ جب وہ ریٹائر ہو جائے گا تو اسے مالی عدم تحفظ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پنشن کے ساتھ ان کی دیکھ بھال جاری رہے گی لیکن بی جے پی صرف چھیننا جانتی ہے ۔