ہماچل میں بعض مقامات پر درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری

   

شملہ :ہماچل پردیش میں بدلتے موسم سے بلند پہاڑی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت منفی میں ہونے کی وجہ سے کئی جھیلیں، ندیاں، اور آبشار منجمد ہو رہے گئے ہیں۔ اس موسم سرما میں پہلی بار تابو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری تک گر گیا ہے ۔ اس کے علاوہ کوکمسیری اور سمدو کا اقل ترین درجہ حرارت بھی منفی میں ریکارڈ کیا گیا ہے ۔کیلونگ میں پارہ صفر تک پہنچ گیا ہے ۔ شملہ میں بھی سردی کافی بڑھ گئی ہے ۔ لاہول اسپتی میں درجہ حرارت میں کمی سے گرامفو سے آگے دوہرنی اور چھوٹا ددڈا کے آس پاس کی سڑکوں پر دھند ہے ۔ بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے سڑک حادثہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ضلع انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ 16 نومبر سے کوکسار اور لوسر چوکی سے گرامفو ۔ کاجا روٹ پر صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک چار گھنٹے گاڑیاں بھیجی جائیں گی۔ منڈی، بلاس پور، اونا اور کانگڑا میں جمعہ کی صبح اور شام کو دھند چھائی رہی۔ ان اضلاع میں 20 نومبر تک گھنی دھند کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ 21 نومبر کو ویسٹرن ڈسٹربنس کی سرگرمی کے باعث موسم میں تبدیلی کا امکان ہے ۔ لاہول اسپتی میں موسم کی تبدیلی سے دریاؤں اور نالوں میں پانی جمنا شروع ہو گیا ہے ۔ ایسے میں بلیک آئس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے پولیس ایڈوائزری جاری کرے گی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ مینک چودھری نے سیاحوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ نے دریاؤں اور ندی نالوں سے فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں جان و مال کا کوئی نقصان نہیں ہونا چاہیے ۔ اس کے پیش نظر تمام تھانہ انچارجوں کو ندیوں، نالوں، سڑکوں وغیرہ پر بلیک آئس سے متعلق ایڈوائزری جاری کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ سیاحوں اور مقامی لوگوں کو حفاظتی اقدامات اور کسی بھی قسم کے حادثے سے بچنے معلومات فراہم کی جائیں گی۔