شملہ۔29؍اگست ( ایجنسیز)ہماچل پردیش میں مانسون کی بارش نے ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ ریاست کے مختلف حصوں میں لگاتار موسلا دھار بارش اور بادل پھٹنے کے واقعات نے عام زندگی مفلوج کر دی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مسلسل زمین کھسکنے اور ندیوں میں طغیانی سے سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں، پل بہہ گئے ہیں اور کئی مقامات پر مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔اہم سیاحتی اور تزویراتی اعتبار سے نہایت اہم منالی۔لیہہ قومی شاہراہ کا ایک حصہ بہہ گیا ہے جس کے باعث منالی اور لیہ کے درمیان زمینی رابطہ پوری طرح منقطع ہو گیا ہے۔کئی ریاستوں میں بارش سے صورتحال انتہائی خراب ہے۔
یہ شاہراہ نہ صرف سیاحت کے لحاظ سے اہم ہے بلکہ سرحدی علاقوں تک فوجی رسد پہنچانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ چنڈی گڑھ–منالی قومی شاہراہ کے کئی حصے بھی شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ریاست کے متعدد اضلاع منڈی، کلو، چمبا، کانگڑا اور شملہ میں آمدورفت بری طرح متاثر ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پورے ہماچل میں 500 سے زائد سڑکیں بند پڑی ہیں۔