ہماچل پردیش میں قدرت کا قہر ٹوٹ پڑا ہے ۔ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے جان و مال کا نقصان ہوا ہے ۔ اب تک ریاست میں 22 افراد کی موت کی خبر ہے ۔ شملہ میں شیو بوڑی مندر پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ تازہ معلومات کے مطابق اس واقعہ میں نو لوگوں کی موت ہوگئی ہے ، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں ۔ وزیراعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے شیو مندر میں ملبے میں دبنے سے نو لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے ۔وہیں سولن میں سات لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔ منڈی ضلع میں بادل پھنٹنے سے کئی افراد لاپتہ بتائے جارہے ہیں ۔ جبکہ شملہ کے پھگلی میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعہ میں تین سے زیادہ کچے مکانات ملبے میں دب گئے ہیں اور ان میں سے ابھی تک دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ چار افراد لاپتہ بتائے جارہے ہیں ۔ وہیں چھ لوگوں کا ریسکیو بھی کیا گیا ہے ۔