ہماچل میں عنقریب10 ہزار جائیدادوں پر تقررات

   

شملہ: ہماچل پردیش پیپر لیک معاملے میں تحلیل کیے گئے اسٹاف سلیکشن کمیشن کی جگہ ہمیر پور میں جلد ہی ریاستی سلیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے آبائی ضلع ہمیر پور کے نادون میں مکھیا منتری سبل یوجنا کے آغاز کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ 6 ہزار اساتذہ کی بھرتی سلیکشن کمیشن کے ذریعے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جلد کابینہ کا اجلاس ہونے والا ہے ۔ ابھی تین ہزار بھرے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں ا سمگلنگ کو روکنے کیلئے ایک خصوصی کمانڈو فورس تشکیل دی جا رہی ہے ۔ اس میں 1200 اسامیاں پُر کی جائیں گی۔ اس سال تقریباً 10 ہزار اسامیاں پُر کی جا رہی ہیں۔ قدرتی آفات کی وجہ سے اس میں وقت لگ رہا ہے ۔ اگلے دو ماہ کے اندر ریاستی سلیکشن کمیشن کی تشکیل کے ذریعے بھرتی کے امتحانات شروع کیے جائیں گے ۔ سکھو نے کہا کہ اب کوئی پرچہ لیک نہیں ہوگا، بھرتی کا کوئی امتحان منسوخ نہیں ہوگا۔ جو بھی بھرتیاں ہوں گی وہ کمپیوٹر کے ذریعے شفاف طریقے سے کی جائیں گی۔ امتحان دینے کے بعد ایک ہفتے کے اندر نتیجہ جاری کر دیا جائے گا۔