شملہ: ہماچل پردیش حکومت نے 31 مارچ 2023 تک دو سال کی سروس مکمل کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ اطلاع اتوار کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 30 ستمبر 2023 کو دو سال کی سروس مکمل کرنے والے ملازمین کی خدمات بھی اس تاریخ کے بعد ریگولر کر دی جائیں گی۔ ریاستی حکومت نے 31 مارچ 2023 تک چار سال کی سروس مکمل کرنے والے یومیہ اجرت والے کارکنوں کو باقاعدہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ اسی طرح یومیہ اجرت کمانے والے جنہوں نے 30 ستمبر 2023 کو چار سال کی سروس مکمل کی ہے اس تاریخ کے بعد ریگولرائز ہو جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے کہا ہے کہ موجودہ ریاستی حکومت ملازمین کی بہبود کے لیے پرعزم ہے اور سرکاری ملازمین کو فائدہ پہنچانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ریاست کی سنگین مالی حالت کے باوجود ریاستی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو تین فیصد مہنگائی الاؤنس پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے ۔