پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ25اکتوبر‘12نومبر کو ووٹنگ
شملہ:کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے 22 اکتوبر کو ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کے لیے امیدواروں پر مبنی اپنی تیسری فہرست جاری کر دی۔ تازہ فہرست کے مطابق کانگریس نے کنور سے جگت نیگی، جئے سنگھ پور سے یادویندر گوما، منالی سے بھونیشور گوڑ اور پاونٹا صاحب سے کرنیش جنگ کو امیدوار بنایا ہے۔ حمیر پور سیٹ سے کانگریس نے اب بھی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ہماچل پردیش میں ووٹنگ کا عمل 12 نومبر کو انجام پائے گا اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔ کانگریس نے اس سلسلے میں 46 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست اور 17 امیدواروں پر مشتمل دوسری فہرست گزشتہ دنوں جاری کی تھی۔ بی جے پی نے سبھی 68 اسمبلی سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ بی جے پی حکمراں کے ساتھ ریاست میں اس بار مقابلہ دونوں ہی پارٹیوں کے درمیان زبردست اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ چونکہ ہماچل پردیش میں ہر بار الگ پارٹی کی حکومت بننے کی روایت دیکھنے کو ملی ہے، اس لیے بی جے پی پورا زور لگا رہی ہے۔واضح رہے کہ انتخابی کمیشن نے گزشتہ 14 اکتوبر کو ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ ریاست میں انتخاب ایک مرحلہ میں ہوگا جس کے لیے ووٹنگ کی تاریخ 12 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ 8 دسمبر کو نتائج کا اعلان ہوگا۔ نامزدگی کا پرچہ داخل کرنے کے لیے آخری تاریخ 25 اکتوبر ہے اور 29 اکتوبر تک نام واپس لئے جا سکیں گے۔