ہماچل پردیش اسمبلی الیکشن: 65.92فیصد پولنگ ، 8 دسمبر کو نتائج

,

   

شملہ :ہماچل پردیش کی تمام 68 اسمبلی سیٹوں پر آج ہفتہ کو ووٹ ڈالے گئے جس کا شام میں اختتام عمل میں آیا۔اطلاعات کے مطابق 65.92فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔ رائے دہی کیلئے ریاست بھر میں 7884 مراکز بنائے گئے تھے۔ ریاست میں مجموعی طور پر 412 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید ہوگئی۔ ہماچل اسمبلی الیکشن کے نتائج 8 دسمبر کوگجرات اسمبلی کے دو مراحل میں ہونے والے انتخابات کے ساتھ جاری کئے جائیں گے ۔ ہماچل پردیش میں 5592828 ووٹرس ہیں۔ ان میں سے 28,54,945 مرد اور 27,37,845 خواتین ووٹرس ہیں۔ اس کے علاوہ مجموعی طور پر 38 تھرڈ جینڈر کو بھی ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا۔ ریاست میں 2017 کے اسمبلی الیکشن میں 75.57 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ یہ 2012 کے اسمبلی الیکشن میں 73.5 فیصد ووٹنگ سے زیادہ تھا۔ہماچل پردیش کا اب تک کا رجحان رہا ہے کہ ہر الیکشن میں حکومت بدلتی ہے۔ یعنی برسراقتدار پارٹی کو ہار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس مرتبہ بی جے پی نے نیا نعرہ دیا ہے۔ راج نہیں، رواج بدلیں گے۔

یعنی حکومت نہیں، بلکہ پرانی روایت کو بدلیں گے۔ فی الحال، ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے اور جئے رام ٹھاکر وزیراعلیٰ ہیں۔ اس سے پہلے 2012 میں کانگریس کی حکومت بنی تھی۔اس مرتبہ الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کو لے کر خاص تیاریاں کی ہیں اور ووٹنگ فیصد بڑھانے پر زور دیا ہے۔ ہماچل پردیش میں 80 سال سے زیادہ عمر کے 121409 ووٹرس ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تین اسسٹنگ پولنگ اسٹیشن بھی بنائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 15256 فٹ کی اونچائی پر لاہول اسپیتی ضلع کے اسپیتی علاقے میں تاشی گنگ، کاجا میں سب سے اونچا بوتھ قائم کیا ہے۔ یہاں 52 ووٹرس تھے جن 51نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔