کنّور، 31 اگست (یو این آئی) ہماچل پردیش میں مانسون کا قہر جاری ہے اور ریاست میں مسلسل بارش، بادل پھٹنے اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔جمعہ کی رات کنّور ضلع میں قومی شاہراہ -5 پر کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے سڑک دھنس گئی، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی۔ کنور ضلع میں مانسون سے متعلق حادثات میں اب تک 28 لوگوں کی اموات ہو چکی ہیں اور 133.25 لاکھ روپے کی املاک کو نقصان پہنچا ہے ۔ اس کے علاوہ منڈی، کلو، لاہول اسپتی اور چمبا میں بھی سڑکیں اور فٹ پاتھ کو نقصان پہنچا ہے ۔ شملہ کے آس پاس کے علاقوں میں پانی اور بجلی کی سپلائی میں خلل پڑا ہے ۔ شملہ کے لیے پروازیں ایک ہفتے کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شملہ، منڈی، کنور اور سولن اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ریاست میں مسلسل بارش کی وجہ سے نگولسری اور نتھپا لینڈ سلائیڈ پوائنٹس پر ٹریفک ہفتہ کی صبح تک ٹھپ ہوگئی۔ جس کی وجہ سے ضلع ہیڈکوارٹر ریکونگ پیو اور اپر کنور کا باقی ریاست اور ملک سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ نگلساری میں سڑک دھنس گئی اور راستہ بند ہو گیا جبکہ نتھپا میں بڑے پتھر پہاڑی سے نیچے گر گئے ۔ تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ڈیم سائٹ سے گزرنے والا متبادل راستہ بند کر دیا گیا جس کے باعث گھنٹوں ٹریفک متاثر رہا۔