ہماچل پردیش نے جماعت اسلامی کے ریلیف کاموں کی ستائش کی حامد محمد خاں سے فون پر بات چیت

   

حیدرآباد ۔15۔ مئی(سیاست نیوز) گورنر ہماچل پردیش بنڈارو دتاتریہ نے امیر جماعت اسلامی تلنگانہ جناب حامد محمد خاں کو ٹیلی فون کرتے ہوئے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ہماچل پردیش سے بنڈارو دتاتریہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں اپنے دوست احباب کو فون کرتے ہوئے کورونا کی موجودہ صورتحال میں خیریت دریافت کر رہے ہیں۔ انہوں نے لاک ڈاؤن سے پریشان حال غریب خاندانوں میں جماعت اسلامی کی جانب سے ریلیف کے کاموں کی ستائش کی اور بتایا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ بلا لحاظ مذہب و ملت غریب خاندانوں میں جماعت اسلامی کی جانب سے اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے ۔ گورنر ہماچل پردیش نے کہا کہ موجودہ حالات میں غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے کی جارہی خدمات قابل ستائش ہے۔ بنڈارو دتاتریہ جماعت اسلامی کے کئی قائدین سے قریبی روابط رکھتے ہیں اور وہ جماعت کے کئی پروگراموں میں شریک ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے دیگر ذمہ داروں تک اپنی نیک تمنائیں اور سلام پہنچایا ہے۔