انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں سے متاثر ، تعلیمی شعبہ میں اصلاحات کی ستائش
حیدرآباد ۔8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ہماچل پردیش کے وزیر تعلیم روہت کمار کی زیر قیادت وفد نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر کمشنر ایجوکیشن یوگیتا رانا ، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس ، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی اور ہماچل پردیش کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں تعلیمی شعبہ کو بہتر بنانے اور غریبوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ 25 ایکر اراضی پر ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طلبہ کیلئے ایک ہی مقام پر یونیورسٹی کی طرز پر انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول قائم کیا جارہا ہے۔ حکومت اقامتی اسکولوں کے قیام پر 200 خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کی طرز پر عنقریب تلنگانہ میں ریاستی سطح کی تعلیمی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ تلنگانہ ایجوکیشن پالیسی کی تیاری کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب تعلیمی پالیسی کے مسودہ کو قطعیت دی جائے گی۔ خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کی طرز پر غریب طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ اسکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پری پرائمری کلاسس کے اسکولوں کو منتقل کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے آئی ٹی آئیز کو انٹیگریٹیڈ ٹکنالوجی سنٹر میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ٹکنالوجی سنٹر قائم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے ہماچل پردیش کے وفد کو ملے پلی آئی ٹی آئی کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا۔ ہماچل پردیش کے وزیر تعلیم نے انٹیگریٹیڈ اسکولوں کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنی ریاست میں قیام کیلئے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے اسکولوں کے قیام کی پالیسی پر مبنی رپورٹ حوالے کرنے کی خواہش کی۔ ہماچل کے وزیر تعلیم روہت کمار نے تلنگانہ میں تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات پر عمل آوری کی ستائش کی۔1
