حیدرآباد۔ ماں اور بیٹی کے درمیان لڑائی جھگڑے میں داماد کی مداخلت بیٹی کی خودکشی کا سبب بن گئی ۔ ہمایوں نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ جہاں 30 سالہ ناگارانی عرف منجولہ نے خودکشی کرلی۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق ناگرانی بس کنڈکٹر تھی جس کی شادی 15 سال قبل مرلی سے ہوئی تھی اور اس کے دو بچے ہیں۔ ناگارانی کی ماں اس کے ساتھ وجئے نگر کالونی کے مکان میں رہتی تھی اور اس خاتون کا شوہر دبئی میں ملازمت کرتا تھا۔ ماں اور بیٹی کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ جھگڑے کی اطلاع مرلی کو ہوئی تو مرلی نے دونوں سے گھر چھوڑدینے کا مطالبہ کیا۔ اس بات سے دلبرداشتہ ناگارانی نے خودکشی کرلی۔ پولیس ہمایوں نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔